Friday, May 3, 2024

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، بارشوں کا سلسلہ بلوچستان سے داخل

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، بارشوں کا سلسلہ بلوچستان سے داخل
January 8, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں شدید سردی کی لہر ہے، بارشوں کا سلسلہ بلوچستان سے داخل ہوگیا۔ دوسری جانب ملک کے میدانی علاقوں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ملک بھر میں خون جما دینے والی سردی کی لہر برقرار ہے، کوئٹہ، پشین، زیارت، قلات، مستونگ، قلعہ عبداللہ میں بادل برس پڑے۔ پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

آج اسلام آباد میں بھی برسات کا امکان ہے، پنجاب، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

ادھر ملک کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، لاہورمیں دھند اور بادلوں کے باعث ٹھٹہرا دینے والی سردی کا راج برقرار ہے۔ شہر اور گردونواح میں شدید دھند کے ساتھ چھائے بادلوں نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔

دھند کی شدت میں اضافے کے باعث جہاں موٹر وے کے بیشتر سیکٹرز کو ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا وہیں فلائٹ آپریشن اور ٹرین شیڈول بھی شدید متاثر رہا۔

رحمان بابا ایکسپریس 7 گھنٹے 40 منٹ جبکہ پاکستان ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس سات گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ تیزگام ایکسپریس 5 گھنٹے، ایکسپریس 4 گھنٹے 30 منٹ اور پاک بزنس ایکسپریس 4 گھنٹے کی تاخیر سے منزل مقصود پر پہنچے گی۔

ادھر قصور، دیپالپور، پتوکی اور چونیاں میں بھی شام ہوتے ہی دھند نے ہر چیز کو دھندلا کر دیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

رینالہ خورد، حویلی لکھا اور بصیرپور میں بھی شدید دھند کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر دھند کے باعث رینالہ خورد میں پولیس وین گرین بیلٹ سے ٹکرا گئی جس کے باعث چھ اہلکار زخمی ہوگئے۔