Monday, May 6, 2024

ملک بھر میں شدید سردی کا راج، اسکردو میں پارہ منفی 12 تک گر گیا

ملک بھر میں شدید سردی کا راج، اسکردو میں پارہ منفی 12 تک گر گیا
December 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں شدید سردی کا راج ہے، اسکردو میں پارہ منفی بارہ، ہنزہ میں منفی سات تک گر گیا۔

میدانی علاقوں میں دھند کی یلغار ہے، موٹروے ایم ٹو پر لاہور سے للہ انٹر چینج تک ٹریفک معطل ہے، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند ہے، ایم فائیو پر شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک راستے دھندلا گئے۔

لاہور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند کر دی گئی، ٹرینیں اور پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، آج کوئٹہ، گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی ، چارسدہ ا ورڈی آئی خان میں شدید دھند چھائی رہے گی۔

سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد جبکہ پنجاب میں جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور رحیم یار خان میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب، گوادر میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ سکردو منفی 12، استور منفی 8، ہنزہ میں منفی 7، چترال، دیر، مالم جبہ میں منفی 4 تک درجہ حرارت گر چکا ہے۔