Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں کمر توڑ مہنگائی، چکی کا آٹا مزید مہنگا ہوکر 160 روپے فی کلو ہوگیا

ملک بھر میں کمر توڑ مہنگائی، چکی کا آٹا مزید مہنگا ہوکر 160 روپے فی کلو ہوگیا
January 7, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ملک بھر میں کمر توڑ مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کردیا، چکی کا آٹامزید مہنگا ہوکر قیمت 160 روپے فی کلو ہو گئی۔

اوپن مارکیٹ میں گندم تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی من پانچ ہزار 150 روپے تک فروخت ہونے لگی۔ لاہور آٹا چکی ایسوسی ایشن نے آٹا مزید 10 روپے مہنگا کردیا۔ دیسی آٹے کی قیمت 150 سے بڑھ کر 160 روپے فی کلو ہوگئی۔ 40 کلو چکی آٹے کا ریٹ 6 ہزار 400 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی آٹے کا بحران پیدا ہوگیا، اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز پر دس کلو آٹے کا تھیلا 648 روپے میں جبکہ عام مارکیٹ میں دس کلو کا تھیلا 1300 سے زائد میں ملنے لگا۔ سستے آٹے کے حصول کے لیے ایک طرف عوام خوش دکھائی دیے تو دوسری جانب لائنوں میں کھڑے ہونے کا شکوہ کرتے نظر آئے۔

اسلام آباد میں آٹے کی ترسیل پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا موسیٰ طاہر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

اسلام آباد کی مارکیٹوں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سرکاری آٹے کی طلب بڑھنے پرڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے 47 مقامات پر آٹے کے سٹالز لگوا دیئے۔

فیصل آباد میں آٹے کی قلت برقرار ہے، ضلع بھر قائم سستے آٹے کے 24 پوائنٹس پر رش کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ طلب و رسد میں فرق کے باعث شہریوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے۔

رحیم یار خان میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، آٹا مہنگا ہونے کے باوجود دستیاب نہیں۔ سرکاری آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 650 جبکہ 20 کلو کا تھیلا 1300 روپے کا ہونے کے باوجود کہیں بھی دستیاب نہیں، شہری مہنگا فائن آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ فائن آٹے کا تھیلا 17 سو سے 1800 میں مل رہا ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا میں حکومت کی جانب سے سستا آٹا 1300روپے پر دیا تو جا رہا ہے مگر وہ سب لوگوں کو پہنچ نہیں پاتا۔ لوگ اس کے معیار سے بھی خوش نہیں۔

دوسری مرغی کے گوشت کی قیمت 620 روپے فی کلو ہوگئی، فی درجن انڈوں کے نرخ 295 روپے مقرر کردیئے گئے۔ ادرک اور لہسن 350، پیاز 210 روپے فی کلو میں بکنے لگے، پھل بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئے، انار 370، سیب کے دام 250 روپے کلو تک پہنچ گئے۔