Saturday, April 27, 2024

ملک بھر میں ڈینگی کے وار تیز، 24 گھنٹے میں مزید سیکڑوں نئے کیس رپورٹ

ملک بھر میں ڈینگی کے وار تیز، 24 گھنٹے میں مزید سیکڑوں نئے کیس رپورٹ
September 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں ڈینگی کے وار تیز ہوگئے، گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ڈینگی کے مزید سیکڑوں نئے کیس رپورٹ ہوئے، کراچی شہر میں ڈینگی بے قابوہوگیا جہاں ڈینگی کے 419 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

ڈینگی کے مچھرنے وارتیزکردئیے، حکومتی کوششوں کے باوجود ڈینگی کا مرض تیزی سے پنپنے لگا، سب سے زیادہ گھمبیر صورت حال کراچی میں ہے جہاں چوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 419 نئے کیس سامنے آئے ہیں، یہی نہیں شہرقائد میں ایک روز میں 1550 افراد ملیریا سے بھی متاثرہوئے۔

اسلام آباد میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 68 نئے مریض سامنے آئے، اسلام آباد میں اب ڈینگی سے 6 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں اب تک 1991 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوچکی ہے۔

پنجاب میں بھی ڈینگی کے 128 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، راولپنڈی سے 45، لاہور سے 33 جبکہ گوجرانوالہ اور ملتان سے 15 پندرہ کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 5049 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کا مرض مسلسل پنپ رہا ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 213 نئے کیس رپورٹ ہوئے، پشاور میں 148 ڈینگی کے نئے مریض رپورٹ ہوئے، مالاکنڈ میں 32 اورخیبرمیں ڈینگی کے 18 نئے کیس رپورٹ ہوئے، کے پی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 625 تک پہنچ گئی جن میں سے 5 ہزار 429 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں ڈینگی کے 195 نئے کیس رپورٹ ہوئے، ضلع کیچ میں 92، لسبیلہ میں 73 اورگوادرمیں ڈینگی کے 30 نئے مریض سامنے آئے، یوں بلوچستان میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 3 ہزار 268 تک پہنچ گئی۔