Friday, May 3, 2024

ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بجلی بحال نہ ہوسکی

ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بجلی بحال نہ ہوسکی
January 23, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجوداسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔

وزارت توانائی کے مطابق صبح 7 بجکر 34منٹ پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا۔ سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سےجاری ہے۔ وارسک سے گرڈ سٹیشنوں کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خرابی این ٹی ڈی سی کی گدو سے بلوچستان جانے والی مین لائن میں پیدا ہوئی، پاور پلانٹس بند ہونے سے سندھ ، جنوبی پنجاب، سینٹرل پنجاب، لیسکو اور آئیسکو ریجن کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی بند ہے۔

گدو، مظفرگڑھ، جام شور، حویلی شاہ بہادر اور بلوکی پاور پلانٹس بھی بند ہیں۔ تربیلا اور منگلا سے 5 سو میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی تھی۔ سسٹم کو بچانے کیلئے این ٹی ڈی سی سے فیوز کو بند کیا گیا ہے۔

نیپرا اتھارٹی نے بلیک آؤٹ پر این ٹی ڈی سی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس سے قبل 2021 اور 2022 میں ملک میں ہونے والے بلیک آؤٹ اور ٹاور گرنے کے واقعات پر جرمانے کر چکا ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے نیپرا مسلسل ہدایات اور سفارشات جاری کرتا رہا ہے۔

ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی بریک ڈاؤن کے بعد آئیسکو ریجن میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔ مختلف گرڈز پر مرحلہ وار بجلی بحال کی جا رہی ہے۔ بریک ڈاؤن کے باعث آئیسکو کے 117 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ مشرف دور سے لیکر اب تک 5 بار بریک ڈاؤن ہوچکا ہے۔