Thursday, May 2, 2024

ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار، مختلف علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع

ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار، مختلف علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع
June 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں گردآلود اور تیزہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

آئندہ 12 گھنٹے میں اسلام آباد میں دن میں موسم شدید گرم اور خشک جبکہ بعد دوپہر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ بعد دوپہر مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں/جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔

خطہ پوٹھوہار، نارروال، سیالکوٹ اور گجرات میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ بعد دوپہر گرد آلود /تیزہوائیں چلنے اور بعض ساحلی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بونداباندی متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اورخشک رہے گا۔ شام/رات گرد آلود /تیزہوائیں چلنے کے علاوہ کراچی سمیت سندھ کے بعض ساحلی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بونداباندی متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشترمیدانی اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ بعض علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے تاہم ڈی آ ئی خان ، بنوں اور کوہاٹ میں گرد آلود ہوائیں/جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کو مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، شام/رات میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔