Sunday, May 19, 2024

عملے کی غفلت، چلڈرن اسپتال لاہور کی نرسری میں ایک بچی جان کی بازی ہار گئی

عملے کی غفلت، چلڈرن اسپتال لاہور کی نرسری میں ایک بچی جان کی بازی ہار گئی
May 28, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی سنگین غفلت کے باعث ایک بچی جان کی بازی ہار گئی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ نگران وزیراعلیٰ خود بھی اسپتال پہنچے اور نرسری کا معائنہ کیا۔

لاہورچلڈرن اسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی سنگین غفلت کے باعث ایک بچی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید جھلس گیا۔ اسپتال کی نرسری کے وارمر میں رکھے دو بچے اوور ہیٹ کے باعث بری طرح جھلس گئے جن میں سے ایک بچی جان کی بازی ہار گئی جبکہ دوسرے بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسپیشلائزد ہیلتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ کہتے ہیں نومولود بچوں کا جل جانا المیہ سے کم نہیں،ذمہ داروں کا تعین کرکے قرار واقعی سزادی جائے گی۔

محسن نقوی خود بھی چلڈرن اسپتال پہنچے اور نرسری کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے اسپتال کے دیگر وارڈز کا بھی دورہ کیا اور بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اسپتال میں بعض بیڈز پر 2 سے 3 بچوں کا علاج جاری تھا جس پر نگران وزیراعلی نے ہدایات کی کہ ایک بچے کے لئے ایک بیڈ مخصوص ہونا چاہئے۔

وزیراعلی کی ہدا یت پر واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر محمد اظہر، ڈاکٹر عامر نصیر اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد شامل ہیں۔ کمیٹی تحقیقات مکمل کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔