کوالالمپور (92 نیوز) - ملائیشیا میں ہونے والے قبل ازوقت عام انتخابات میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو53 سالوں میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر ایجنسی کے مطابق 97 سال کی عمر میں بھی مہاتیر محمد نے انتخابات میں حصہ لیا۔ انہیں سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کے امیدوار محمد سوہیمی عبداللّٰہ نے شکست دی ہے۔ ملائیشیا کے تجربہ کار سیاستدان اپنی نشست پر پہلی بار انتہائی بری طرح ہارے ہیں، وہ 5 امیدواروں میں چوتھے نمبر پر آئے۔ ملائیشیا میں حکومت کی کرپشن کے خلاف چلنے والی مہم کو مہاتیر محمد لیڈ کررہے تھے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کی 222 میں سے 177 نشستوں کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی اور اپوزیشن رہنماء انور ابراہیم کے اتحاد کو 61 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کا اتحاد 60 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ وزیراعظم اسماعیل صابری کا حکمراں اتحاد 24 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبرپر ہے۔
حکومت سازی کیلئے پارلیمنٹ کی 222 میں سے 112 نشستوں پر کامیابی ضروری ہے۔