اسلام آباد (92 نیوز) - گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے۔ پانی سے 6 ہزار 5 سو میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 8 ہزار 5 سو میگا واٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس 5 سو 40 میگاواٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 147 ہے۔
بگاس پاور پلانٹس سے 32 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ جوہری ایندھن 2 ہزار 4 سو 78 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ہر ایک گھنٹے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔