Sunday, April 28, 2024

تحریک انصاف کا تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ

تحریک انصاف کا تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ
November 26, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) – پاکستان تحریک انصاف نے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد نہ جانے کا بھی اعلان کردیا۔

ہفتہ کو راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں توڑ پھوڑ کرنے سے بہتر ہے کرپٹ نظام سے نکل جائیں، تمام اسمبلیوں سے نکلنے کیلئے مشاورت شروع کررہے ہیں، پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت کے بعد استعفوں کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

عمران خان بولے کہ انہوں نے کیا جرم کیا تھا جو بیرونی سازش کرکے حکومت گرائی گئی، وہ ایک جگہ ناکام ہوئے، طاقت ور کو قانون کے نیچے نہیں لا سکے، نیب ان کے نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے نیچے تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’’ وزیر آباد میں حملہ اور قتل کی کوشش کی گئی، مجرموں نے سازش کرکے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی، کہا گیا یہ پھر واردات کریں گے، وہ تین مجرم آج بھی عہدوں پر بیٹھے ہیں۔‘‘ موت کو بڑے قریب سے دیکھا، اگر وزیرآباد میں گرتا نہ تو گولیوں کا دوسرا راؤنڈ مجھے لگ جاتا، جب میں گرا اسی وقت پتہ چل گیا اللہ نے مجھے بچالیا ہے۔ مکمل صحت یابی میں 3 ماہ لگیں گے۔ تکلیف کے باوجود سفر کیا، مشکل تھا، لیکن انتظار نہیں کرسکتا۔

عمران خان نے کہا اللہ کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوتا سب اس کے فیصلے ہیں، جب وقت آجائے تو کوئی موت سے نہیں بچ سکتا۔ کنٹینر پر موجود 12 لوگوں کو گولیاں لگیں، فیصل کے منہ سے خون بہہ رہا تھا۔ موت بڑے قریب سے دیکھی، اپنا ایمان مضبوط کیا۔ پیغام ہے اپنے ایمان کو مضبوط کریں، زندگی گزارنی ہے تو اپنے آپ کو خوف سے آزاد کریں، خوف ایک قوم کو غلام بنا دیتا ہے۔ انسان خوف میں مبتلا ہو تو وہ بڑے سے چھوٹا بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری 26 سالہ سیاست میں کتنی انہوں نے کوشش کی مجھے رسوا کرنے کی، کوئی موقع نہیں چھوڑا، کیونکہ میں انہیں چور کہتا ہوں۔ آج میرے لیے قوم نکلی ہے، اس سے کیا ثابت ہوتا ہے؟

چیئرمین پی ٹی آئی بولے کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ ہے، طاقتور ماتحت سے غلط کام کرواتے ہیں، رزق دینا اللہ کی ذمہ داری لیکن لوگ بے ایمان ہوجاتے ہیں۔ آزاد قوم پرواز کرسکتہ ہے، غلام نہیں۔ غلام صرف اچھی غلامی کرتے ہیں۔ آج آپ فیصلہ کن وقت پر کھڑے ہو، ایک راستہ نعمتوں اور دوسرا تباہی کا راستہ ہے، غلامی اور ذلت کا راستہ ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام حق کے لیے کھڑے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان آج تک عظیم ملک اس لیے نہیں بنا کہ کیونکہ ہمارے ملک میں آج تک طاقتور کی حکمرانی ہے، اگر این آر او ملتے رہے تو قوم اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں رہ جائے گا۔ انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ پاکستان کا قیام ریاست مدینہ کے اُصولوں پر ہوا، اُصولوں سے پیچھے ہٹنے والا معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے۔ نبی کریمﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل وانصاف پر رکھی، کوئی قانون سے اوپر نہیں تھا۔ دنیا دیکھ لیں، غریب ممالک میں اںصاف نہیں وہاں بھی ڈاکو اور چور مسلط ہیں، پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں اور انہیں نظام نہیں پکڑتا، صرف چھوٹا چور جیل میں جاتا ہے۔ سارے خوشحال ممالک جیسے یورپ وہاں انصاف کا نظام ہے اور وہ ترقی یافتہ ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی آج کیوں تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ انہیں سمجھ میں کہہ رہا ہوں۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، اداروں کو کمزور کرکے کرپشن کی گئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خون کے آخری قطرے تک پاکستان کیلئے لڑوں گا، میرا پاکستان کے علاوہ کوئی گھر نہیں ہے، تاریخ گواہی دے گی آخری وقت تک ملک کیلئے کھڑا رہا۔ اثاثےبنانیوالوں نے انسانیت کو پیروں تلے روندا، تاریخ دیکھ رہی ہے، ملک ڈیفالٹ ہوا تو نیشنل اور اکانومی سکیورٹی نیچے چلی جائے گی۔