Friday, March 29, 2024

مجبوری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، مفتاح اسماعیل

مجبوری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، مفتاح اسماعیل
August 5, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے مجبوری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ 

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا، روایتی گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔

وزیرخزانہ نے صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹیلرز پر عائد بجلی کے بلوں میں شامل فکس ٹیکس کو فی لحال موخر کردیا ہے۔ ٹیکس کے معاملے پر مزید مشاورت کے بعد نیا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے معاملے پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بینکوں کا اس میں کوئی کردار نہیں، مارکیٹ میں عالمی ادائیگیوں اور ڈالر کے انفلوز میں کمی سے روپے پر دباؤ بڑھا۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمارے گذشتہ دور میں بجٹ خسارہ سالانہ 1600 ارب تھا جو گذشتہ 4 سال میں 3500 ارب کی سطح پر آگیا ہے، کوشش ہے کہ آئندہ چھ ماہ امپورٹ بل کو کم رکھیں تاکہ بجٹ خسارہ کم ہوسکے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت کو ڈفالٹ سے بچانے کے لئیے مشکل فیصلے کیے، جس کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں جلد چیزیں بہتر ہوجائینگی۔