Thursday, April 18, 2024

مصباح الحق ایشیا کے کامیاب ترین کپتان بن گئے

مصباح الحق ایشیا کے کامیاب ترین کپتان بن گئے
October 26, 2016
لاہور(92نیوز)ویسٹ انڈیز سے سیریز جیتنا یونس خان اور مصباح الحق کے لیے مبارک ثابت ہوا۔ یونس خان آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آ گئےجبکہ مصباح الحق نے  ایشیا کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کےمطابق پاکستا ن  ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ختم ہونے کے بعد آئی سی سی نے رینکنگ جاری کر دی۔جس کے مطابق پاکستان کی بطور ٹیم مجموعی درجہ بندی میں تو کوئی بہتری نہیں آئی تاہم کھلاڑیوں کی پوزیشنز بہتر ہوئی ہیں۔ نمایاں بہتری سٹار بلے باز یونس خان کی پوزیشن میں آئی ہے ابوظہبی  ٹیسٹ میں سنچری بنا نےپر یونس خان کی رینکنگ میں تین درجے بہتری آئی ہے اور وہ بلے بازوں میں پانچویں سے دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ مصباح الحق نے بھی ایک نیا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔  وہ پاکستان کے بعد ایشیا کے بھی سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنے کیرئیر کی دسویں  سیریز جیت کر حاصل کیا۔ان سے پہلے کامیاب کپتان کا اعزاز مشترکہ طور پر بھارت کے ایم ایس دھونی اور سارو گنگولی کے پاس تھا۔ دونوں نے نو نو سیریز جیتی  تھیں۔ مصباح  الحق   بیٹنگ میں بھی ترقی کرکے   ٹاپ   ٹین میں شامل ہو  گئے ہیں جبکہ  لیگ اسپنریاسر شاہ   ایک   درجے  ترقی کر کے  پانچویں   پوزیشن پر  آ گئے ہیں ۔