Friday, April 26, 2024

لاہور: ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق

لاہور: ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق
November 10, 2016
لاہور(92نیوز)لاہور میں ڈاکٹروں کی ہڑتال نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دی میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں جزوی جبکہ آؤٹ ڈور اور اِن ڈور میں کام مکمل بند ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ سالہ بچی دم توڑ گئی۔ تفصیلات کےمطابق ایک طرف ڈاکٹرز اور نرسیں اپنے مطالبات منوانے کے لیے مال روڈ پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں تو دوسری جانب مریض علاج معالجہ نہ ہونے پر موت کی آغوش میں جا رہے ہیں۔ میوہسپتال کے ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے آج ایک ماں کی گود اجڑ گئی ستائیس اکتوبر سے زیرعلاج ڈیڑھ سالہ ثناء انسانی مسیحاؤں کی بے حسی، عدم توجہی اور علاج نہ ہونے پر  دم توڑ گئی۔ اپنی لاڈلی کو ہسپتال میں ہوتے ہوئے اپنی آنکھوں کے سامنے مرتا دیکھ کر غمزدہ اہل خانہ کچھ نہ کر سکے۔ مریضوں کے اہل خانہ نے کہا کہ ڈاکٹر ہوں یا نرسیں علاج کرنا تو دور کی بات وارڈز کے اندر چکر لگانا بھی گوارا نہیں کرتے۔ دور دراز سے آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے کہا کہ وہ علاج کے لیے دو ہفتوں سے خوار ہو رہے ہیں لیکن ان کا کوئی بھی پرسان حال نہیں۔ دوسری طرف مشیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور نرسوں کے بے جا مطالبات نہیں مانے جائیں گے۔ ننھی ثناء کی موت کے بعد میوہسپتال کی ایمرجنسی کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔