Sunday, October 2, 2022

ملّی نغموں کی گونج،، بچوں کے ٹیبلوز،، کیک کاٹا گیا،، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں: لیگل ایڈ سوسائٹی نے تو دل ہی جیت لیے!

ملّی نغموں کی گونج،، بچوں کے ٹیبلوز،، کیک کاٹا گیا،، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں: لیگل ایڈ سوسائٹی نے تو دل ہی جیت لیے!
August 15, 2022 ویب ڈیسک

سینئر تجزیہ نگار (کاشف شمیم صدیقی) – ڈسٹرکٹ شہید بینظیرآباد میں جشنِ آزادی کی خوشیوں نے سماں باندھ دیا، لیگل ایڈ سوسائٹی اور سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ نے مل کر 14اگست کے دن کو بھر پور طور پر منایا، اس سلسلے میں شہید بینظیرآباد میں ایک باقاعدہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، ایڈونٹسٹ چرچ کی جانب سے پاسٹر الیاس نے دعا سے پروگرام کی ابتدا کی، ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، پروگرام میں ننھے، مّنے معصوم بچوں نے خوب انجوائے کیا، ٹیبلوز پیش کیے، قومی ترانہ پڑھا، ملی نغمے گُنگنائے، میٹھے، میٹھے کیک اور ٹھنڈے لذیذ جوس کو دیکھ کر بچوں کے چہروں پر آئی خوشی ناقابلِ بیان تھی۔  

لیگل ایڈ سوسائٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ فیلڈ آفیسر، معظم علی جتوئی نے 75 ویں یومِ آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی، اور 14 اگست کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ لیگل ایڈ سوسائٹی کا اقلیتی برادری کو قانونی حقوق سے آگاہی کا پروجیکٹ سندھ کے آٹھ اضلاع میں کام کر رہا ہے، پروگرام میں لگائے گئے اسٹال کے زریعے پروجیکٹ سے متعلق معلوماتی مواد (IEC Material) کی تقسیم بھی عمل میں لائی گئی۔ معظم جتوئی اور اُنکی ٹیم کی جانب سے کراچی میں قائم سندھ لیگل ایڈوائزری کال سینٹرکے بارے میں بھی پروگرام میں موجود افراد کو آگاہ کیا گیا، کال سینٹر حکومتِ سندھ کے لاء ڈیپارٹمنٹ اور لیگل ایڈسوسائٹی کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے۔

پروگرام کے اختتام پر سوشل ایکٹیوسٹ اور شہید بینظیرآباد میں آگاہی پروگرام کی فوکل پرسن نازیہ ناز نے آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اور لیگل ایڈ سوسائٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے مفاد میں کی جانے والی کوششیں اور کام قابلِ ستائش ہیں۔