Wednesday, April 24, 2024

محسن بیگ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے کو دستاویز کیساتھ پیش ہونیکا حکم

محسن بیگ کیخلاف منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے کو دستاویز کیساتھ پیش ہونیکا حکم
April 8, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - محسن بیگ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو 22 اپریل کو دستاویز کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں سینیر صحافی محسن بیگ کے خلاف درج مقدمات کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایف آئی اے سے محسن بیگ سے جڑے اکاونٹس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ عدالت نےایف آئی اے کو بائیس اپریل تک دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا۔

ایف آئی اے تفتیشی افسر نے بتایا کہ دو ہزار اکیس میں نوٹس بھیجے لیکن یہ پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سمارٹ بننے کی کوشش نہ کریں، جب آپ سے پوچھا جائے تب بولیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محسن بیگ اس ایف آئی آر میں گرفتار نہیں ہوئے، اس بات کو مانیں یہ کسی اور ایف آئی آر میں گرفتار ہوئے۔

محسن بیگ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کےخلاف ایک ہی دن میں تین مقدمات درج کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان ان سے ناراض ہیں لیکن اب ایک ہفتے بعد وہ وزیراعظم نہیں رہیں گے۔

محسن بیگ کے وکیل اور سابق گورنر لطیف کھوسہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ عمران خان آج استعفی دے دیں گے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہر کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ نےکل کے فیصلے کے ذریعے آئین اور قانون کی بالادستی قائم کی۔