Friday, April 19, 2024

محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت21 فروری تک ملتوی

محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت21 فروری تک ملتوی
February 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت21 فروری تک ملتوی ہو گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ محسن بیگ کی اہلیہ کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل میں کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم بھی شامل ہوگئے ہیں جو کہ  بہت افسوسناک ہے۔ اس عدالت کے ماتحت جج کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ بنانا ریپبلک نہیں جس میں ججوں کو دھمکیاں دی جائیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ  کسی جج کو دھمکی نہیں دی جا سکتی۔ ملزم کے علاوہ کوئی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست دائر نہیں کر سکتا۔ محسن بیگ خود درخواست دیں تو فیصلہ کریں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے محسن بیگ پر تھانے میں تشدد کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے  آئی جی اسلام آباد پولیس کو 21 فروری تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے محسن بیگ کے وکیل کو ان سے ملنے  سے نہ روکنے کی بھی ہدایت کی۔ کیس کی مزید  سماعت 21 فروری کو ہو گی۔