Sunday, May 5, 2024

مہنگائی سے نجات کیلئے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے، وزیراعظم شہباز شریف

مہنگائی سے نجات کیلئے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے، وزیراعظم شہباز شریف
December 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے سیاسی استحکام کو بنیادی شرط قرار دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو۔ معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی سازش کر رہے ہیں ۔ جس طرح آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی  حکومت سے نجات دلائی تھی، اب عوام کو روٹی، روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے ۔

وزیراعظم  نے کہا کہ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں اور سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں آباد نہ ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے قوم کو سوچنا ہو گا کہ  جب بھی ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں رہا، سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔