Thursday, April 18, 2024

حکومت کا عوام پر بڑا بوجھ، پٹرول اور ڈیزل 35 روپے فی لٹر مہنگا

حکومت کا عوام پر بڑا بوجھ، پٹرول اور ڈیزل 35 روپے فی لٹر مہنگا
January 29, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مہنگائی میں پسے عوام پر بڑا بوجھ، حکومت نے پٹرول اور ڈیزل 35 روپے فی لٹر مہنگا کردیا گیا۔

مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات مزید بڑھنے لگیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قیمتوں میں اضافہ سے متعلق بتایا کہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اب پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے ہوگئی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 18، 18 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ مٹی کا تیل 189 روپے 83 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل 187 روپے فی لٹر ملے گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری کردیا گیا۔ پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر شہری نالاں نظر آئے۔ کہتے ہیں مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ ملک بھر میں پٹرول کی کوئی قلت نہیں۔ عوام سوشل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں۔