Saturday, May 4, 2024

مہنگائی مافیا کے تانے بانے وفاقی حکومت سے ملتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

مہنگائی مافیا کے تانے بانے وفاقی حکومت سے ملتے ہیں، مرتضیٰ وہاب
February 7, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے مہنگائی مافیا کے تانے بانے وفاقی حکومت سے ملتے ہیں۔

سوموار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی، آٹا، دوائیاں، جو چیز بھی مہنگی ہوتی ہے، اس میں حکومتی ارکان ملوث نکلتے ہیں، جب تک مفادات کا ٹکراؤ ختم نہیں ہو گا معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ اس مفاد پرست ٹولے کو گھر بھیجا جائے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن میں واقع ڈاکٹر عبدالقدیر خان فیملی پارک کا افتتاح کردیا۔ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ساؤتھ ڈاکٹر افشاں رباب سید اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ جگہ کچرا کنڈی بنادی گئی تھی اور لینڈ مافیا قابض تھا۔ کلفٹن بلاک 2 کے مکینوں کو اس پارک کے بننے سے تفریحی سہولیات میسرآئیں گی۔ شہر کے تمام پارک، کھیل کے میدان عوام کی امانت ہیں جو انہیں لوٹا رہے ہیں۔