Thursday, March 28, 2024

مہنگائی کیخلاف کال دو ہفتوں میں دیں گے، فواد چودھری

مہنگائی کیخلاف کال دو ہفتوں میں دیں گے، فواد چودھری
September 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف کال دو ہفتوں میں دیں گے، فوری انتخابات کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

ہفتہ کے روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پیکیج کے بعد بھی ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے، جس پر تشویش ہے۔ ملک میں جرائم بڑھ رہے ہیں، الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے، خواہش ہے بغیر کسی فساد کے الیکشن کی طرف بڑھیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، وزیراعظم نے ابھی تک کوئی پلان نہیں بنایا، ہماری جدوجہد بنیادی طور پر عوام کی حکمرانی کیلئے ہے۔ سیاسی فیصلے کرنے کا حق عوام کو ہی ہونا چاہئے۔ دو ہی راستے ہیں، آئیڈیل جمہوریت بن کر ابھریں، برمنا یا نارتھ کوریا بن جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کےپی، پنجاب نے سیلاب متاثرین کو بہترین سہولیات دیں۔ پاکستانیوں کا شکریہ جنہوں نے ٹیلی تھون میں 11 ارب دیئے، عمران خان کہہ چکے ہیں الیکشن کی بات کریں اور آکر ساتھ بیٹھ جائیں۔