مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے تمام منڈیوں کی مانیٹرنگ ہوگی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور (92 نیوز) - پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب میں تمام منڈیوں کی مانیٹرنگ ہوگی، نگران وزیراعلیٰ نے سہولتوں کے فقدان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل ڈائریکٹر کو آخری وارننگ دے دی، تین ماہ کی تنخواہوں سے محروم میونسپل کمیٹی شیخوپورہ کے ملازمین کو واجبات دلوا دیئے۔
پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اہم فیصلے! نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے لاہور میں اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں تمام منڈیوں کی مانیٹرنگ ہو گی، صوبائی وزراء، مشیران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر زکو منڈیوں کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی ہدایت کی گئی، صوبائی وزراء، مشیران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانٹیرکریں گے۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مقرر کردہ قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی فروخت یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن اسپتال کا طویل دورہ کیا، مریضوں اورتیمارداروں نے ناقص انتظامات، اے سی بند ہونے، ضروری ادویات نہ ہونے، واش رومز کی ابتر صورتحال، اورگندی بیڈشیٹس کی شکایات کے انبارلگا دیئے، نگران وزیراعلیٰ نے سہولتوں کے فقدان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل ڈائریکٹر کو آخری وارننگ دے دی، ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم میونسپل کمیٹی کے ملازمین کو ان کے واجبات اداکردیئے گئے، انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔