Tuesday, April 16, 2024

مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان، انکی لگائی ہوئی آگ بجھائیں گے، مریم اورنگزیب

مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان، انکی لگائی ہوئی آگ بجھائیں گے، مریم اورنگزیب
June 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب آج ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، ان کی مہنگائی کی لگائی آگ بجھائیں گے۔

جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ عمران صاحب خود بنی گالہ میں چھپ کر عوام کو سڑکوں پر بلا رہے ہیں، عوام جھوٹے، منافق نالائق اور نااہل کے ساتھ نہیں نکلتے، لوگ جانتے ہیں کہ مہنگائی کی تباہی سابقہ حکومت لے کر آئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے سازش کی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، حکومت ملک اور عوام کو بچانے آئی۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے اس کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کی ساکھ خطرے میں ڈالی۔

وزیر اطلاعات بولیں کہ ‏فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے یا رہنے سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، یہ مناسب نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی میں منعقدہ ایف اے ٹی ایف اجلاس کا بیان آج شب جاری ہونا ہے جبکہ وزارت خارجہ میں کل اس کی تفصیلات بیان کی جائیں گی۔