Sunday, September 8, 2024

محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر قرار

محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر قرار
January 23, 2022 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر قرار دیدیئے گئے۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز نے 2021 میں مختصر فارمیٹ کرکٹ میں راج کیا، صرف 29 میچوں میں 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1326 رنز بنائے۔

بلے کے ساتھ اپنے کارناموں کے علاوہ وہ اسٹمپ کے پیچھے ہمیشہ کی طرح مضبوط دکھائی دیدیئے، ان کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شاندار پرفارمنس رہی اور میگا ایونٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ٹھہرے۔

انہوں نے سال کے شروع میں لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے کیریئر کی پہلی ٹی 20 سنچری بھی بنائی اور کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 87 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ سال کا اختتام کیا۔ اگلے سال ایک اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آنے کے ساتھ، پاکستان امید کرے گا کہ رضوان اسی طرح جاری رہے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 152 کا ہدف بغیر کسی نقصان حاصل کرکے فتح گر ہونے کی مہر ثبت کی۔ رضوان نے صرف 55 گیندوں میں 6 چوکے اور 3 چھکے لگا کر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ اس سے قبل بھارت کو کبھی بھی پاکستان کے خلاف بُری طرح شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ یہ تاریخی فتح ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

اس موقع پر قومی کرکٹر محمد رضوان نے کہا ایوارڈ پاکستان کے نام کرتا ہوں، کامیابی میں ٹیم مینجمنٹ اور ساتھی کھلاڑیوں کا تعاون شامل ہے۔ پاکستان کا نام پوری دنیا میں روسشن ہوا اس کی دہری خوشی ہے۔