Friday, April 26, 2024

محکمہ موسمیات نے 30 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے 30 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی
June 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - گرمی کے ستائے عوام کے لیے خوشخبری آ گئی۔ محکمہ موسمیات نے 30 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشرقی ہوائیں 29 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو ہفتے کے آخر میں جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت اختیار کرنے کے بعد پھیل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم سے پانچ جولائی کے دوران اسلام آباد، لاہور، کراچی، حیدرآباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش برسے گی۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد سمیت سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ کشمیر میں بعض مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔