Friday, April 26, 2024

محکمہ موسمیات کی ملک میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی ملک میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی
June 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - گرمی سے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری آ گئی۔ محکمہ موسمیات نے ملک میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں 15 جون (بدھ) شام/رات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث

کشمیر/گلگت بلتستان: 15 جون (بدھ) شام/رات سے 23 جون (جمعرات ) کے دوران بھمبر، کوٹلی، میر پور ، پونچھ، باغ، حویلی، ہٹیاں ، مظفر آباد، نیلم ویلی اورگلگت بلتستان(استور، غذر، گلگت، دیامیر، ہنزہ اور اسکردو) میں آندھی /تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

پنجاب/اسلام آباد: 16 سے 21 جون (جمعرات سے منگل) کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ 17 سے 20 جون (جمعہ سے پیر) کے دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ،مظفر گڑھ، کوٹ ادو، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن،اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، خانپور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے آندھی /تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ 16 جون (شام/رات) اور 17 جون کو راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے جس کے باعث راولپنڈی اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

خیبر پختو نخواہ: 15 ( شام/رات) سے 22 جون کے دوران چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ، وزیرستان، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں وقفے وقفے سے آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

سندھ: صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ17 (شام/رات) سے 19 جون کے دوران سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

ممکنہ اثرات:

حالیہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔

فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی دستیابی میں بہتری کی توقع ہے۔

آندھی/تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث بالائی خیبر پختو نخوا، اسلام آباد / پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اسٹرکچرز کو نقصان کا خطرہ ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائینڈنگ کا خطرہ جبکہ بلوچستان کے مشرقی علاقوں (نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی، ہرنائی، سبی اور بولان) میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

نوٹ: تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔