کراچی (92 نیوز) - مفتی اعظم پاکستان دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی محمد رفیع عثمانی انتقال کر گئے۔ ان کی عمر چھیاسی برس تھی۔
مفتی رفیع عثمانی 21 جولائی 1936 کو بھارت کے علاقے دیوبند میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ تحریک پاکستان کے بھی سرکردہ رہنما تھے۔
مفتی رفیع عثمان، مفتی شفیع عثمانی کے بڑے بیٹے اور مفتی تقی عثمانی کے بڑے بھائی تھے۔ مفتی رفیع عثمانی جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر کے عہدے پر فرائض رہے جبکہ دار المدارس العربیہ کے سرپرست اعلیٰ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
مفتی محمد رفیع عثمانی نے درجن بھر کتابیں لکھیں ،جن میں درس مسلم، دو قومی نظریہ، نوادر الفقہ قابل ذکر تھیں۔ مرحوم عالم دین کی نماز جنازہ کا حتمی اعلان ان کے اہل خانہ کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ، وزیرمحنت سعید غنی، سینئر سیاستدان فاروق ستار، چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال، پی ٹی آئی کے ارکان خرم شیر زمان اور دیگر نے مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کیلئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔