Friday, March 29, 2024

مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ

مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ
March 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ ہوگیا۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور داتا دربار مذہبی امور کمیٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

تقریب کے بعد مفتی محمد رمضان سیالوی نے خصوصی دعا کرائی۔ معاہدے کے مطابق مدینہ فاؤنڈیشن حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے اطراف راہداریوں اور (غلام گردیش) کی توسیع کا کام کرے گی۔ منصوبے پر 16 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد راہداریوں اور غلام گردیش میں زائرین کی گنجائش 3000 سے بڑھا کر 5000 کر دی جائے گی۔ نیسپاک ایک کنسلٹنسی فرم کے طور پر اپنی خدمات انجام دے گا۔ داتا دربار کی راہداریوں کی توسیع سے زائرین کے لیے راحت اور آسانی پیدا ہو گی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخش کے عرس سے قبل منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کے لنگر خانہ کو بین الاقوامی معیار کا بنایا جائے گا، لنگر کے معیار کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ انہیں حضرت داتا گنج بخش کے مزار کی توسیع کے معاہدے پر دستخط کرنے کا موقع ملا۔

سیکرٹری اوقاف نے وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، مدینہ فاؤنڈیشن کے میاں رشید، 92 نیوز گروپ کے مشیر اسلم ترین، سیکرٹری اوقاف، پاکستان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی محمد رمضان سیالوی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔