Saturday, May 4, 2024

مڈغاسکر میں سمندری طوفان سے تباہی، 10 افراد ہلاک، 48 ہزار بے گھر

مڈغاسکر میں سمندری طوفان سے تباہی، 10 افراد ہلاک، 48 ہزار بے گھر
February 7, 2022 ویب ڈیسک

انتاناناریوو (92 نیوز) مڈغاسکر میں سمندری طوفان نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک ہو گئے، 48 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے، تیز ہواؤں، بارشوں اور سیلاب سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ 

2 ہفتے میں دوسرا بڑا سمندری طوفان افریقی ملک مڈغاسکر کے ساحلوں سے ٹکرا گیا، سمندری طوفان جسے بٹسیرائی کا نام دیا گیا تھا سے مڈغاسکر کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

سمندری طوفان سے قبل 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور طوفانی بارش ہوئی۔ سمندری طوفان بٹسیرائی سے ساحلی علاقوں کے قریب رہنے والے 48 ہزار سے زائد افراد بےگھر ہوگئے جبکہ 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

طوفانی ہوائیں متعدد گھروں کی چھتیں اڑا لے گئیں، ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے، سب سے زیادہ تباہی نوزی واریکا نامی قصبے میں ہوئی۔

مڈغاسکر میں دو ہفتے پہلے آنے والے سمندری طوفان اینا سے بھی 55 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد بےگھر ہوئے تھے، اب دوسرا سمندری طوفان بٹسیرائی اب مشرقی افریقہ کے ملک موزمبیق کی طرف بڑھ رہا ہے۔