Friday, March 29, 2024

مائیکل جارڈن کی جرسی ایک کروڑ، دس لاکھ ڈالر کی ریکارڈ بولی کیساتھ نیلام

مائیکل جارڈن کی جرسی ایک کروڑ، دس لاکھ ڈالر کی ریکارڈ بولی کیساتھ نیلام
September 16, 2022 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (92 نیوز) - دنیا کے مشہور باسکٹ بال کھلاڑی مائیکل جارڈن کی جرسی ایک کروڑ، دس لاکھ ڈالر کی ریکارڈ بولی کے ساتھ نیلام ہوگئی۔

شکاگوُبلز جرسی مائیکل جورڈن نے 1998 میں نارتھ امریکا میں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے ایک فائنل میچ کے دوران پہنی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے 45 منٹ میں 33 پوائنٹس سکور کئے تھے جبکہ یہ سیریز ان کی ٹیم نے اپنے نام کی تھی۔

یہ کسی بھی کھلاڑی کی کسی ذاتی چیز کی اب تک کی ریکارڈ نیلامی ہے، اس سے پہلے یہ اعزاز معروف فٹ بالر میرا ڈونا کی جرسی کے پاس تھا۔

دنیا کے مشہور نیلام گھر سوتھیبس نے اس نیلامی کا اہتمام کیا، ادارے کے مطابق نیلامی کا عمل چھ ستمبر سے 14 ستمبرتک جاری رہا، ادارے کو امید تھی یہ جرسی 35 لاکھ ڈالر تک نیلام ہوجائے گی لیکن خلاف توقع نیلامی نے ریکارڈ قائم کردیا۔

نیلام گھر نے اس سال مئی میں ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹ بالرکھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی جرسی "ہینڈ آف گاڈ " کو 93 لاکھ ڈالر میں نیلام کیا تھا، مائیکل جارڈن کی جرسی کے لیے مجموعی طور پر 20 افراد نے بولیاں لگائیں، نیلام گھر نے جرسی خریدنے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا۔