Tuesday, August 16, 2022

مایوسی کا شکار ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے پنجاب اسمبلی آنا ہی چھوڑ دیا

مایوسی کا شکار ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے پنجاب اسمبلی آنا ہی چھوڑ دیا
August 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی صفوں میں مایوسی، مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ارکان نے پنجاب اسمبلی آنا ہی چھوڑ دیا۔

اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حکومت کو کھلی چھٹی مل گئی، دو روز قبل حکومت نے اجلاس میں دو قراردادیں منظور کیں، ایوان میں اپوزیشن کا ایک رکن بھی موجود نہ تھا۔

اپوزیشن کے پارلیمانی طرز سیاست پر سوالیہ نشان لگ گیا، ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی صفوں میں دراڑیں پیدا ہونے لگی ہیں۔ آزاد ارکان ن لیگ کی مایوس کن کارکردگی سے آزاد ہونے کے لیے پر تولنے لگے۔

ن لیگ حکومت سے نکلنے کے بعد گو مگو کا شکار،بطور اپوزیشن مستقبل کی حکمت عملی بنانے میں بھی ناکام ہے۔ لیگی ارکان اسمبلی اور کارکنان مایوس کن کارکردگی پر اعلی قیادت کی جانب دیکھنے لگے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے اکثر متحرک ارکان پارٹی کی خاموش پالیسی سے ناراض ہوکر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں، صرف عطاء اللہ تارڑ، ملک احمد خان، خواجہ عمران نذیر اور سید توصیف شاہ ہی متحرک ہیں۔