Friday, April 19, 2024

مائنس ون کچھ نہیں، صرف عمران خان ہے، اس کے بعد اندھیرا ہے، شیخ رشید

مائنس ون کچھ نہیں، صرف عمران خان ہے، اس کے بعد اندھیرا ہے، شیخ رشید
March 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مائنس ون کچھ نہیں، صرف عمران خان ہے، اس کے بعد اندھیرا ہے۔

اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو لوٹوں کی سیاست نے غرق کر دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 27 مارچ کا جلسہ کر رہا ہے، وہ پیچھے نہیں ہٹ رہا۔ اپوزیشن بھی جلسہ کرنا چاہے تو کرے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ لاہور سے بھی کوئی آیا تو کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ خون خرابا ہوا تو لیڈران کے خلاف مقدمہ ہوگا۔ پی ٹی آئی ورکرز کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جا سکتی ہے تو سب کے خلاف ہو سکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والے ایم این ایز کے خلاف بھی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے، جو اصلی اور نسلی ہے، بکنے والا نہیں، وہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا  سیالکوٹ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث چھوٹے موٹے سٹور میں ہوا، 22 سفراء نے کال کی، ان کو بتا دیا۔

شیخ رشید مزید بولے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، اس کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ اپوزیشن کا باپ بھی 23 مارچ کو اسلام آباد نہیں آئے گا۔ 27 مارچ کے جلسے میں جاؤں گا اور تقریر بھی کروں گا۔