Tuesday, April 23, 2024

معاشی صورتحال نے سیاست کو ثانوی حیثیت دے دی، شاہد خاقان عباسی

معاشی صورتحال نے سیاست کو ثانوی حیثیت دے دی، شاہد خاقان عباسی
May 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - لیگی رہنماء اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے معاشی صورتحال نے سیاست کو ثانوی حیثیت دے دی۔

منگل کے روز اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہوں گے، سخت فیصلے ناگزیر ہیں، جس کی ذمہ داری تمام اتحادی لیں۔

شاہد خاقان بولے کہ عوام چاہتی ہے کہ جنھوں نے یہ حشر کیا ملک کا ان کا بھی احتساب ہو، عمران خان نے کرپشن کی ہے ان کا بھی احتساب ہو، چیئرمین نیب بھی انہی عدالتوں میں پیش ہوں۔ عمران خان ہر جلسے میں نئی کہانیاں سنا رہے ہیں، ایسی کہانیوں سے ملک نہیں چلتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مشکلات درپیش ہیں، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ حالات پر قابوں پایا جا سکے۔ جو اس ملک کے ساتھ ہوا وہ ایک دو ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ پاکستانی سیاست میں مداخلت ہوتی رہی ہے یہ ہو نہیں سکتا کہ آپ مداخلت کرتے رہے ہوں اور آج ذمہ دار سیاستدان قرار پائیں۔

اب جو فیصلے ہو رہے ہیں وہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ہیں، پاکستانی معشیت کو بہتر کرنے کے لیے سب اداروں، سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ اکٹھا ہونا ہو گا۔ چار سال میں عمران خان نے ملک کی معشیت کو تباہ کیا۔