Saturday, April 20, 2024

کنٹرول لائن پر شہید دونوں بہادر جانبازوں کو سپردخاک کر دیا گیا

کنٹرول لائن پر شہید دونوں بہادر جانبازوں کو سپردخاک کر دیا گیا
September 30, 2016
فیصل آباد (92نیوز) کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونیوالے دو بہادر جانبازوں امتیاز علی اور جمعہ خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ تدفین سے قبل فوجی جوانوں نے غیور وطن سپاہیوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے بلند کئے۔ تفصیلات کے مطابق وطن عزیز کی پاک دھرتی پر دو اور سپوتوں نے اپنی جان نچھاور کر دی۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان نائیک امتیاز علی اور حوالدار جمعہ خان نے جام شہادت نوش کیا۔ فوجی جوان امتیاز علی نائیک کی نماز جنازہ اسلامیہ کالج کی گراونڈ میں ادا کر دی گئی۔ جنازے میں فوج کے افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نائیک امتیاز علی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ فیصل آباد کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دوسری طرف شہید حوالدار جمعہ خان کی تفصیلات پاک فوج کے ترجمان نے جاری کر دیں۔ شہادت کا رتبہ پانے والے حوالدار جمعہ خان کا تعلق استور سے ہے۔ ان کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ قوم کے دونوں سپوتوں کی بہادری، شجاعت اور شہادت نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دی جائے گی۔