Tuesday, April 23, 2024

شہید کیپٹن روح اللہ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

شہید کیپٹن روح اللہ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
October 26, 2016
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن روح اللہ کو آبائی علاقے شبقدر میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پشاور میں سپردخاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹن روح اللہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ اوچہ ولہ شبقدر میں ادا کی گئی جس میں اہل خانہ، اہل علاقہ اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کیپٹن کو ناصرباغ پشاور کے قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ کیپٹن روح اللہ کو آرمی میں جانے کا اتنا شوق تھا کہ میڈیکل کی تعلیم چھوڑ کر وہ فوج میں چلے گئے۔ شبقدر کے دور دراز کے علاقے سے تعلق رکھنے والے کیپٹن روح اللہ کی 6ماہ قبل منگنی ہوئی۔ 3ماہ قبل کوئٹہ پوسٹنگ ہوئی اور 3 ماہ بعد شادی ہونے والی تھی مگر اپنے والدین کا یہ ارمان وہ اپنے ساتھ لے گئے۔ کیپٹن روح اللہ نے کوئٹہ حملے میں ایک خودکش حملہ آور کو فوری ٹھکانے لگا کر دوسرے کو کافی دیر ایک جگہ تک محدود کیے رکھا۔ دہشت گردوں کے خلاف جرات کا مظاہرہ کرنے پر چیف آف آرمی سٹاف نے انہیں تمغہ جرات دینے کا اعلان کیا ہے۔