لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے مارچ اسلام آباد سے راولپنڈی کیوں جا رہا ہے؟ حکمت عملی جلد سمجھ آ جائے گی۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمران دونوں طرف سے پھنس گئے ہیں۔ اگر یہ الیکشن کراتے ہیں عوام کی طرف سے فارغ ہو جائیں گے نہیں کراتے تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے۔ 26 نومبر کو سب کو سرپرائز ملے گا۔ مجھے ان کی منصوبہ بندی کا علم ہے اور میں آگے کی پلاننگ کر رہا ہوں۔ لانگ مارچ اسلام آباد سے راولپنڈی کیوں جارہا ہے اسکی حکمت عملی جلد سمجھ آجائے گی۔ جان کو درپیش خطرات کے باوجود راولپنڈی پہنچوں گا۔
عمران خان نے کہا یہ جس کو مرضی چاہیں آرمی چیف لگائیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ذریعےانہیں پیغامات بھجوائے گئے ہیں لیکن ان کا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دیں، اس کے بعد بات چیت ہو گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کی داستان سے پوری دنیا واقف ہے۔ ان کے خلاف پوری ریاستی مشینری استعمال کرکے بھی گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے۔ گھڑی والے معاملے پر عدالت جارہا ہوں، پورا یقین ہے عدالت میں یہ پراپیگنڈا عیاں ہو جائے گا۔ شہباز شریف لندن کی عدالت میں بھی پھنس چکا ہے، لگتا ہے یہ وہاں بھی آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کرے گا۔