Friday, May 17, 2024

مقبوضہ کشمیر میں پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرز آویزاں

مقبوضہ کشمیر میں پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرز آویزاں
May 4, 2023 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) - مقبوضہ کشمیر میں پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرز لگ گئے ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور حق خودارادیت کی حمایت پر پوسٹرز کے ذریعےآرمی چیف سے اظہار تشکر کیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں کشمیرکاز کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے پختہ عزم اور کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت کو سراہا جارہا ہے۔ آرمی چیف نے کہا تھا کہ پاکستان بنیادی انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔عالمی برادری اس بات کا ادراک کرے کہ تنازع کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر علاقائی امن ہمیشہ کیلئے خواب ہی رہے گا۔

جموں کشمیر ڈیموکریٹک یوتھ فورم، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ اور جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے سری نگر کےمختلف مقامات پر پوسٹرزلگائے گئے ہیں ۔جن پر تحریرہے کہ مقبوضہ کشمیر پر قومی مؤقف برقرار رکھنے اور کشمیریوں کی حمایت پر ہم آرمی چیف کے مشکور ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے باعث کشمیری اذیت ناک زندگی گزارنے پرمجبور ہیں جبکہ بھارت ایک منصوبے کے تحت وہاں کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لئے دن را ت ایک کئے ہوئے ہے۔

کشمیری رہنماؤں نے پاکستان اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے مظالم رکوائے اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پرعملدر آمد کر کے کشمیریوں کوحق خودارادیت دلوائے۔