Saturday, May 4, 2024

ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ کیس، لاہور ہائی کورٹ کا جوڈیشل واٹر کمیشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ کیس، لاہور ہائی کورٹ کا جوڈیشل واٹر کمیشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار
January 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ کیس کی سماعت میں عدالت نے جوڈیشل واٹر کمیشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔

ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل واٹر کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کر دی۔ پی ایس ایل، ہارس اینڈ کیٹل شو اور پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے ٹریفک پلان بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کے لیے انڈسٹریل یونٹس کا مکمل معائنہ کیا جا رہا ہے۔ 168 یونٹس کو خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ آپ چیک کر کے دو دن کے لیے یونٹ بند کریں۔ دو دن کے بعد دوبارہ خلاف ورزی شروع ہو جاتی ہے۔ کارروائی کے بعد وہ یونٹ دوبارہ خلاف ورزی شروع کر دے تو ڈی جی ماحولیات ذمہ دار ہوں گے۔ عدالت نے تمام ہائی رائز بلڈنگز کی چھتوں پر پودے لگانے کا حکم دے دیا۔ حکم دیا کہ ایل ڈی اے ہائی رائز بلڈنگز کے مالکان کو پودے لگانے کے حوالے سے نوٹس جاری کرے۔ ریمارکس دیئے کہ باغ جناح میں بہت گندگی ہوتی ہے۔ پھیلانے والوں پر جرمانہ ہونا چاہیے۔

عدالت نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے کوڑا جلانے کے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ بجلی کے تاروں کے لیے درخت کاٹنے پر لیسکو سے پلان بھی طلب کر لیا۔