Tuesday, April 16, 2024

مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا، قومی سلامتی پالیسی

مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا، قومی سلامتی پالیسی
January 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم نے قومی سلامتی پالیسی کے اہم نکات جاری کردیئے، مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی پالیسی کے غیر خفیہ حصے کے اجراء کی تقریب میں پالیسی کی دستاویز پر دستخط کردیئے۔

پالیسی میں کہا گیا ہے طاقت کے ممکنہ استعمال پر منہ توڑ جواب ملے گا، جوہری صلاحیت امن کیلئے اہمیت کی حامل ہے جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مغربی سرحد پر باڑ نصب ہوگی۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بڑی محنت سے نیشنل سکیورٹی پالیسی کومرتب کیا گیا ہے، جس میں قومی سلامتی کو صحیح معنوں میں واضح کیا گیا ہے، کوشش ہے کہ ریاست اور عوام ایک راستے پر چلیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری قوم اور افواج نے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ماضی میں ہم نے ملک کو معاشی طور پرمستحکم نہیں کیا، آئی ایم ایف سب سے سستے قرض دیتا ہے، مجبوری میں اس کے پاس جانا پڑتا ہے اور اس کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔ ملکی معیشت کے حالات ایسے ہوں کہ ہر تھوڑی دیر کے بعد آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے تو ملکی سلامتی متاثر ہوگی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے واضح کیا کہ یہ دستاویز قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنانے میں مددگار ہوگی۔