Thursday, April 25, 2024

مُراد سعید نے پراپیگنڈہ، بہتان تراشی پر ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا

مُراد سعید نے پراپیگنڈہ، بہتان تراشی پر ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا
February 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مُراد سعید نے پراپیگنڈہ، بہتان تراشی پر ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

مُراد سعید نے بھیجے گئے نوٹس میں لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی طلبا تنظیم کا بانی صدر رہا۔ ‎پورے پاکستان میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا، مُراد سعید نے ججز بحالی تحریک، دیگر تحریکوں، عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

مُراد سعید کو 2013 کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پارٹی ٹکٹ ملا اور ریکارڈ ووٹ کے ساتھ رکن اسمبلی بنا۔

مُراد سعید نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا اور ملک کی سیاست میں نام بنایا۔ اسی طرح 2018 کے انتخابات میں اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔

نوٹس کے مطابق آپ کے مسودہ کا حوالہ دے کر وزارت مواصلات کی کاکردگی کو متنازعہ بنایا گیا۔ ‎14 دن میں معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کے لئے تیار ہو جائیں۔ معافی نہ مانگی تو عدالت سے سخت سزا، ایک ارب روپے ہرجانے کی استدعا کی جائے گی۔