Saturday, May 18, 2024

لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
December 30, 2022 ویب ڈیسک

ساؤپولو (92 نیوز) - دنیائے فٹبال کی شان، لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی کی بیٹی نے والد کی موت کی تصدیق کی۔ پیلے کینسر کی بیماری مبتلا تھے، شہنشاہ فٹبال کی موت کی خبر لاکھوں فینز کو افسردہ کر گئی۔

’فٹبال کے بادشاہ ‘ پیلے 82 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے کی بیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کی، لیجنڈ فٹبالر آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔

فٹبال کے'کنگ' کی حیثیت سے مشہور پیلے نے اپنے 21 برس کے کیریئر میں 1,363 میچوں میں 1,281 گول کیے، جس میں برازیل کے لیے 92 میچوں میں 77 گول بھی شامل ہیں۔ وہ تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو 1958، 1962 اور 1970 میں تین بار ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کا حصہ تھے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ بھی ہے۔ پیلے سن 2000 میں فیفا کے صدی کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے۔

'کنگ آف فٹبال' کے انتقال پر برازیل سمیت دنیا بھر میں فٹبال مداح افسردہ ہوگئے۔ رونالڈو نے لیجنڈری کھلاڑی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، سوشل میڈیا پر اپنی اور پیلے کی تصویر اپ لوڈ کی۔ رونالڈو نے لیجنڈری برازیلین فٹبالر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں پیلے کے انتقال پر پورے برازیل جبکہ خصوصی طور پر پیلے کے خاندان سے تعزیت کرتا ہوں، پیلے کی موت پر دنیائے فٹبال میں جو غم ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے۔

پیلے کو کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکے گا اور ان کی یاد ہم میں سے ہر ایک فٹبال سے محبت کرنے والے میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔