علی زیدی کا 15 جنوری کو کراچی پریس کلب پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں حصہ لینے کا اعلان

کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر علی زیدی نے 15 جنوری کو کراچی پریس کلب پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔
علی زیدی کا سندھ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف اہم ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔ علی زیدی نے کہا پی ٹی آئی کالے قانون کے خلاف احتجاج میں بھرپور حصہ لے گی۔ احتجاج میں کراچی کے شہریوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ کراچی کے شہری بتا دیں گے کہ ہم اس کالے قانون کو نہیں مانتے۔ ہم اس بددیانتی پر مبنی قانون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ہم اس کالے قانون کو ہر صورت ختم کر کے رہیں گے۔
علی زیدی بولے 14 سال سے سندھ پر ایک مافیا قابض ہے۔ جمہوریت کے علمبردار بننے والوں نے 18 ویں ترمیم کی آڑ میں جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کر کے وسائل ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔ جو کام صوبائی حکومت کے تھے وہ وفاقی حکومت نے پورے کیے۔ پیپلز پارٹی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ آصف زرداری کا مافیا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں ایک بڑا اعلان کرنے جارہے ہیں۔