Sunday, September 8, 2024

علی عمران یوسف کی ملکیت ثابت ہونے والی پراپرٹی سے 2 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ریکور کر لی گئی

علی عمران یوسف کی ملکیت ثابت ہونے والی پراپرٹی سے 2 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ریکور کر لی گئی
January 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف سے نیب کی ریکوریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب لاہور نے علی عمران یوسف کی ملکیت ثابت ہونے والی پراپرٹی سے 2 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ریکوری کر لی۔

ذرائع کے مطابق علی عمران یوسف کی ملکیت میں پانچ کمپنیوں میں شئیرز اور دو پلازوں میں اثاثے سامنے آئے ہیں۔ احتساب عدالت نے علی عمران یوسف کی جانب سے نیب کو ریکوری کرنے سے روکنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ اکرام نوید کی جانب سے علی عمران یوسف کے اکاونٹ میں بھی 13 کروڑ روپے سے زائد منتقل کرنے کے شواہد ملے۔ نیب لاہور کی جانب سے علی عمران یوسف کیخلاف 23 کروڑ روپے کا ضمنی ریفرنس عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد کے کیس میں  احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد علی  عمران  کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ رابعہ عمران اور علی عمران کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے گئے تھے۔

نیب کا مؤقف تھا کہ ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی کے فنڈز فاطمہ ڈویلپرز کو منتقل کئے گئے۔ رابعہ اور علی عمران  کو مسلسل عدم پیشی پر اشتہاری قرار دیا گیا۔ اس سے قبل صاف پانی کمپنی  کیس میں بھی وہ  اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔