Thursday, April 25, 2024

لسبیلہ میں مسافر کوچ کھائی میں جاگری، 41 افراد جاں بحق

لسبیلہ میں مسافر کوچ کھائی میں جاگری، 41 افراد جاں بحق
January 29, 2023 ویب ڈیسک

لسبیلہ (92 نیوز) - لسبیلہ کے قریب المناک حادثہ میں مسافر کوچ کھائی میں گرنے اور آگ لگنے سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کے مطابق کوچ کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی، حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا، تیزرفتاری کے باعث کوچ پل سے نیچے جاگری اور آگ لگ گئی۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بیشتر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا، بس میں 48 مسافر سوار تھے، زخمیوں کو بیلہ اور کراچی منتقل کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے قیمتی زندگیوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا۔ عبدالقدوس بزنجو نے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

عبدالقدوس بزنجو نے اپنے بیان میں کہا حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر لائحہ عمل مرتب کرنا ناگزیر ہے۔ مسافروں کو ٹرانسپورٹرز اور غیرذمہ دار ڈرائیورز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔