Saturday, April 20, 2024

لوٹوں نے سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا، عمران خان

لوٹوں نے سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا، عمران خان
May 8, 2022 ویب ڈیسک

ایبٹ آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں لوٹوں نے سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا، ان کے ساتھ یہاں کے میر جعفر اور میر صادق بھی شامل تھے۔

اتوار کے روز ایبٹ آباد جلسے سے خطاب کر تے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا ایک ایسے وزیر اعظم کو ہٹایا گیا جو آزاد خارجہ پالیسی چاہتا تھا۔ روس سے گندم اور تیل 30 فیصد کم قیمت پر خریدنا چاہتے تھے۔ بولے شہباز شریف!!! قوم نہیں تم بھکاری ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکا کو ایسا وزیراعظم چاہئے جو ایک فون کال پر چاروں شانے چت ہوجائے، ہم صرف اللہ کو مانتے ہیں اور اسی کے آگے جھکتے ہیں، ہم کسی سپرپاور کو نہیں مانتے۔ امریکی سی آئی اے نے ایران میں رجیم چینج کے لیے سب سے پہلے میڈیا کو خریدا، اس کے بعد ایرانی وزیراعظم مصدق کی پارٹی میں لوگوں کو خریدا اور لوٹا بنایا۔ چیری بلاسم نے آتے ہی ایف آئی اے کے وہ تمام افسران نکال دیئے جنہوں نے اس کے خلاف تفتیش کی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نے اس کرپٹ حکومت کو تسلیم کرلیا تو پاکستان کے خواب سے سب سے بڑا دھوکہ کریں گے۔ جب عوام اسلام آباد آئے گی تو ہم بتائیں گے کہ ہمیں آزادی چاہئے غلامی نامنظور۔ اللہ نے ہمیں برائی کے خلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑا ہونے کا حکم دیا ہے، نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت ہی نہیں دی۔ اللہ نے ہمیں یہ کہنے کی آزادی نہیں دی کہ میں کہوں نہ میں تیتر ہوں نہ بٹیر ہوں، نیوٹرل تو صرف جانور ہوتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے ساری چیزوں کی قیمتیں اوپر چلی گئی ہیں، اپنے میڈیا سے پوچھتا ہوں کتنی دکانوں پر مائیک لے جاکر پوچھا ہے کہ مہنگائی ہے یا نہیں، ہمارے دور میں تو چار روپے ٹماٹر مہنگا ہوتا تھا تو مہنگائی کا شور مچ جاتا تھا۔ امپورٹیڈ حکومت آنے کے بعد مجھے کہیں مائیک جاتا نظر نہیں آرہا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 20 کے بعد جب میں کال دوں گا تو ساری قوم اسلام آباد پہنچ کر ایک ہی پیغام دے گی، امپورٹیڈ حکومت نامنظور۔