Thursday, April 25, 2024

پیسے نے حکمرانوں کو بزدل بنا دیا ، 8.5 ارب جاتی امرا کی سکیورٹی پر خرچ کیا گیا : عمران خان

پیسے نے حکمرانوں کو بزدل بنا دیا ، 8.5 ارب جاتی امرا کی سکیورٹی پر خرچ کیا گیا : عمران خان
September 30, 2016
  لاہور(92نیوز)تحریک اںصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیسے نے حکمرانوں کو بزدل بنادیا ہے ،ساڑھے آٹھ ارب  جاتی امرا کی سکیورٹی پر خرچ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان نے رائے ونڈ میں اڈا پلاٹ میں  جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو دل کا مسئلہ نہیں بلکہ پیٹ کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو تمام حالات کے باوجود جلسے میں آئیں ۔ان کا کہنا تھا کہ وقت کے فرعون کے گھر کے پاس جلسہ کیا ، خواتین نے خوف کے بت کو توڑا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چوری کے پیسوں نے حکمرانوں کو بزدل بنادیا ہے کیونکہ یہ ڈرتے ہیں کہ انہیں کچھ ہوا تو اتنے پیسے کہاں جائینگے ۔ ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف نے اربوں کھائے اس لئے بدہضمی ہوگئی ہے ،وہ غلط علاج کرارہےہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف پاناما لیکس میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں پاناما میں خاص طور پر مریم نواز دو کمپنیوں کی مالک ہیں ان کمپنیوں کا نام  نیلسن اور نیکلوس ہے ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مریم نواز 2012 میں کہتی ہیں کہ لندن تو دور کی بات میری تو پاکستان میں کوئی میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں لیکن ان کے دو فلیٹ کہاں سے آگئے ہیں جبکہ ان کی کمپنیاں 2006 میں بنی تھیں ۔ انہوں نےکہا ہے کہ نوازشریف نے ٹیکس ریٹرن میں لکھا ہے کہ مریم کا کوئی ذریعہ معاش نہیں ۔ ۔انہوں نے کہا کہ  اثاثے چھپانا ، کرپشن کرنا ، ٹیکس چوری کرنا اورمنی لانڈرنگ کرنا چار وہ قانون ہیں جو نوازشریف نے توڑے ہیں ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف کے ادارے بتائیں کہ کیا انہیں یہ سب چیزیں نظر نہیں آتیں ،چیئرمین نیب کان کھول کر سن لیں قوم کے پیسے پر آپ چیئرمین بنےہیں ، ایف بی آر کے کرپٹ چیئرمین 25 کروڑ ہرماہ دبئی بھیجتے ہیں ۔عمران خان نے کہا کہ میں سپریم کورٹ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ پہلے سوموٹو لئے جاتے تھے اب کیوں نہیں لئے جاتے،لوگ انصاف چاہتے ہیں لیکن ملک میں صرف مسکین لوگوں کو پکڑا جاتا ہے۔ ایف آئی اے نے پاناما کی تحقیق کیوں نہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے پروپیگنڈا کیلئے موٹو گینگ رکھا ہوا اللہ انہیں سچ بولنے کی توفیق دے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پورے خاندان کے بیان متضاد ہیں سب جھوٹ بول رہے ہیں ، ان کی کابینہ کے لوگ کچھ کہتے ہیں نوازشریف کی اولاد کچھ کہتی ہے  سوائے کلثوم نواز کےسب جھوٹ بول رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کےلوگ ضمیر جگائیں اللہ کو جواب دینا ہے یا نواز شریف کو ،وزیراعظم نے اداروں کو تباہ کرکے کرپشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاتی امرا کو جانے والی نہر روک کر کسانوں کی زمینیں بنجر کردیں اور ان فرعونوں نے کسانوں کی زمینیں زبردستی لےلیں ۔   انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں وزرا اعظم اداروں سے ڈرتے ہیں ،جبکہ نواز شریف کو خواجہ آصف نے اسمبلی میں  کہہ دیا کہ کچھ نہیں ہوگا لوگ بھول جائیں گے لیکن خواجہ آصف فکرنہ کرو اربوں روپوں کو میں نہیں بھولوں گا ۔انہوں نے کہا کہ پہلےقومیں اخلاقی طور پر پھر معاشی طورپر مرتی ہیں کیونکہ خواجہ آصف جیسے لوگ میاں صاحب جیسوں کے جوتے پالش کرتے رہتےہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں میں نہیں پڑھ رہے اتنی تو کئی ملکوں کی آبادی بھی نہیں ۔سارے برصغیر میں ہم سب سے پیچھے رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کو بڑے بڑے عہدوں پر بٹھایا جاتا ہےنجم سیٹھی جیسا الیکشن فکس کرے اسکو کرکٹ کا چیئرمین بنایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اگر برطانیہ کا وزیراعظم بنادیا جائے تو برطانیہ کا بھی دیوالا نکل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے مشرف کے بگٹی پر حملے اور افغانستان  اورعراق میں امریکی  جنگ پر بھی مخالفت کی تھی ۔ تقریر کے آخر میں عمران خان نے محرم الحرام کے بعد اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔  کہتے ہیں بارڈر پر کشیدگی نہ ہوتی تو آج یہیں دھرنا دے دیتے۔  نواز شریف نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہ کیا تو انہیں حکومت نہیں کرنے دیں گے اب ان کے خلاف کوئی اور جلسہ نہیں ہوگا ۔