Friday, March 29, 2024

لوہانسک میں اسکول کی عمارت پر روسی بمباری، 60 افراد لُقمہ اجل بن گئے

لوہانسک میں اسکول کی عمارت پر روسی بمباری، 60 افراد لُقمہ اجل بن گئے
May 8, 2022 ویب ڈیسک

لوہانسک (92 نیوز) - مشرقی اور جنوبی یوکرین میں روسی میزائل برسائے جارہے ہیں۔ مشرقی علاقے لوہانسک میں ايک اسکول کی عمارت پر روسی بمباری کے نتيجے ميں 60 افراد لُقمہ اجل بن گئے۔

یوکرین پر روسی حملے جاری ہیں، روس یوکرین میں ممکنہ اہداف حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد مزید مشتعل ہوگیا، یوکرین پر حملوں میں شدت آگئی۔

مشرقی اور جنوبی یوکرین سمیت اہم ترین بندرگاہوں پر بھی روسی میزائل حملے جاری ہیں۔ میڈیا کے مطابق يوکرين کے مشرقی علاقے لوہانسک میں روسی فورسز نے بلوگوریفکا نامی شہر میں ایک اسکول کی عمارت کو فضائی حملے کا نشانہ بنايا، جس ميں 90 کے قریب افراد پناہ ليے ہوئے تھے۔ بمباری کے نتيجے ميں عمارت میں آگ لگ گئی اور بعد ازاں وہ منہدم ہو گئی۔

یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف میں روسی فوج کے تازہ حملوں میں متعدد شہریوں کے ہلاکت کے ساتھ بھاری مالی نقصانات ہونے کی اطلاعات ہیں۔ روسی فورسز نے خارکیف پر دوبارہ قبضہ کرنے اور کنٹرول بحال کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں اور وہاں شدید گولہ باری جاری ہے۔

ادھر یوکرینی شہر ماریوپول میں موجود ایک اسٹیل پلانٹ کمپلکس میں پھنسے سویلینز میں سے خواتین، بچوں اور بزرگ افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔وہاں پھنسے زخمیوں اور طبی عملے کو نکالنے اور روسی فورسز کے گھیرے میں آئے ہوئے ماریوپول کے شہریوں کے انخلا کے لیے محفوظ راستے مہیا کرنے کی کوشش جاری ہے۔