Tuesday, April 23, 2024

لندن ہائی کمیشن میں سائرہ پیٹر کی آواز کا جادو، فضا قومی نغموں سے گونج اٹھی

لندن ہائی کمیشن میں سائرہ پیٹر کی آواز کا جادو، فضا قومی نغموں سے گونج اٹھی
March 24, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - لندن ہائی کمیشن پاکستان میں سائرہ پیٹر کی شاندار پرفارمنس کا جادو ایک مرتبہ پھر چل گیا۔

سروں کی ملکہ پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے یوم پاکستان کے موقع پر لندن ہائی کمیشن پاکستان میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جہاں انھوں نے اپنی مدُھر آواز میں ایک سے بڑھ کر ایک قومی اور ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب کے دوران قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے بھی خطاب کیا۔

پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے اوپیرا کے انداز میں پاکستانی ملی نغمے پیش کیے۔ انھوں نے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد نصرت فتح علی خان کا گایا ہوا سپر ہٹ ملی نغمہ۔۔میرا پیغام پاکستان۔میرا ایمان پاکستان۔۔اپنی آواز میں نئے انداز سے پیش کیا تو لندن میں موجود پاکستانیوں نے بے حد داد سے نوازا۔

اس سے قبل انہوں نے اپنی سوہنی دھرتی کے لیے دعائیہ قومہ نغمہ۔۔سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے ۔۔اوپیرا اسٹائل میں پرفارم کیا تو لندن ہائی کمیشن کے پنڈال میں موجود حاضرین نے زبردست داد دی۔ نوجوان، جیری عدنان key board اور زیک عدنان نے percussion  پر سائرہ کا ساتھ دیا۔ جب کہ طبلے پر محمد اسلم اور پیانو پر اسٹیفن اسمتھ نے لائیو موسیقی دی۔

اس موقع پر اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ جب بھی مجھے لندن ہائی کمیشن پاکستان میں مدعو کیا جاتا ہے تو مجھے دلی خوشی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں لندن میں رہتی ہوں لیکن میرا دل پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے دھڑکتا ہے۔ میں پاکستانی ملی نغمے دل سے گاتی ہوں۔ سچی موسیقی روح میں اتر کر سماعتوں میں رس گھومتی ہے۔ پاکستانی ملی نغمے دنیا بھر میں سنے  اور پسند کئے جاتے ہیں۔ ان نغموں کی موسیقی بھی بیت شاندار ہے۔