Monday, May 6, 2024

لکی مروت میں نامعلوم افراد کا پولیس اہلکاروں پر حملہ، چھ اہلکار شہید

لکی مروت میں نامعلوم افراد کا پولیس اہلکاروں پر حملہ، چھ اہلکار شہید
November 16, 2022 ویب ڈیسک

لکی مروت (92 نیوز) - لکی مروت میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس میں چھ اہلکار شہید ہو گئے۔

خیبرپختونخوا پولیس ایک بار پھر شرپسندوں کے نشانے پر ہے۔ دہشت گردی کا تازہ واقعہ ضلع لکی مروت کے تھانہ ڈاڈیوالہ کے علاقے میں پیش آیا ۔ پولیس چوکی عباسہ خٹک کی موبائل وین معمول کے گشت پر تھی کہ اس دوران نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے پولیس پر فائر کھول دیئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں پولیس موبائل میں موجود اے ایس آئی علم دین، کانسٹیبل  پرویز، دل جان، عبیداللہ، محمود اور احمد نواز موقع پر شہید ہو گئے۔ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور علاقے میں ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مادروطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو قوم کی جانب سے سلام عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلٰی محمود خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔