Thursday, April 18, 2024

لاہورہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے سے روک دیا

لاہورہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے سے روک دیا
November 1, 2016
لاہور(92نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے اسلام آباد کو لاک ڈاون کرنے سے روک دیاعدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی آزاد شہری کی نقل و حرکت کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے شہری عاطف ستار کی درخواست پر سماعت کی۔ فل بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس انوارالحق اور جسٹس قاسم خان شامل ہیں درخواست میں عمران خان کے دونومبر کو اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کو چیلنج کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نےدرخواست  پر فیصلہ سناتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تحریک انصاف کو قانون کے مطابق احتجاج کی اجازت دی جائے۔ فل بنچ نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسلام آباد اس وقت نوگوایریا بنا ہوا ہے۔ کسی بھی شہری کے آزادانہ گھومنے پھرنے کا حق سلب نہیں ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ کا لارجر بنچ پانامہ لیکس اور دھرنے کے بارے میں سماعت کر رہا ہے۔ فل بنچ نے قرار دیا کہ عمران خان کی تقاریر اشتعال انگیز ہیں اس لیے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا جائےسماعت کے دوران عمران خان کی تقاریر کے ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔ عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب اعظم سلمان سے صوبے بھر میں گرفتار کارکنوں کی فہرستیں طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ گرفتاریوں کے بارے میں تمام تفصیلی ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ غیرقانونی طریقے سے حکومت گرانا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے جس کی آئین میں سزا بھی موجود ہے۔ فل بنچ دو نومبر کو دوبارہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری پر سماعت کرے گا۔