Friday, April 19, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو رائے ونڈ مارچ کی اجازت دےدی

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو رائے ونڈ مارچ کی اجازت دےدی
September 29, 2016
لاہور (92نیوز) ضلعی انتظامیہ کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے بھی تحریک انصاف کو رائیونڈ مارچ کی اجازت دے دی۔ عدالت عالیہ نے کارکنوں کو پرامن احتجاج کی ہدایت دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے جلسے کی اجازت دی ہے۔ عدالت نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو پرامن احتجاج کی ہدایت کی ہے۔ تین رکنی بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس انوارالحق اور جسٹس قاسم خان شامل ہیں۔ رائیونڈ مارچ کے خلاف مقامی شہری عاطف ستار نے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت عالیہ نے گزشتہ روز کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ پہلے ہی پی ٹی آئی کو اڈہ پلاٹ پر جلسے کی اجازت دے چکی ہے۔ انتالیس نکات پر مشتمل نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی قسم کے نقصان کی ذمہ دار جلسہ کی انتظامیہ ہو گی۔ اسٹیج کی اونچائی بیس فٹ سے زیادہ نہیں ہو گی جبکہ پنڈال اور اسٹیج کے درمیان مناسب فاصلہ بھی رکھا جائے گا۔ استقبالیہ کمیٹی کی لسٹ ضلعی انتظامیہ کو فراہم کی جائے گی۔ جلسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو جلسہ گاہ میں نہ لایا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ گاہ میں کسی قسم کا اسلحہ لانے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ انتظامیہ لائٹس اور جنریٹرز کا خود انتظام کرے گی۔